بنگلور:30/دسمبر(ایس او نیوز)ریاستی اپکس بینک کے چیرمین کے این راجنا نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ضلع کوآپریٹیو بینکوں میں نوٹ بندی کے بعد بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں، کہا ہے کہ اگر بدعنوانیوں کے الزامات ثابت ہوگئے تو وہ کسی بھی کارروائی کا سامنا کرنے تیار ہیں۔آج ٹمکور کے پنچایت دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوآپریٹیو بینکوں پر محکمہئ انکم ٹیکس کے چھاپوں کی خبریں بھی بے بنیاد ہیں، انکم ٹیکس افسران نے بینکوں پر چھاپہ نہیں مارا بلکہ محض دستاویزات کی جانچ کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر کے کوآپریٹیو بینکوں کے عملے پر انہیں بھرپور اعتماد ہے۔کیونکہ یہاں کے عملے کو بہترین تنخواہیں اور سہولتیں دی جارہی ہیں۔ اس کے باوجود بھی اگر کچھ افسران صورتحال کا استحصال کرتے ہوئے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں تو ان کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس الزام پر کہ ان کے خلاف بھی محکمہئ آئی ٹی کی طرف سے پامالیوں کا نوٹس جاری کیاگیا ہے، راجنا نے تردید کی اور کہاکہ اگر ایسا کوئی نوٹس موصول ہوتا ہے تو اس کا موثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اپکس بینک اور دیگر ضلع کوآپریٹیو بینکوں کے تمام لاوارث بینک لاکروں کو توڑ کر دیکھنے کی اجازت بینک کے عملے کو خود انہوں نے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریزرو بینک کی طرف سے یہ ہدایت دی گئی تھی کہ 14 دسمبر کے بعد کہیں بھی پرانے نوٹ منظور نہ کئے جائیں۔اس کے مطابق 14دسمبر کے بعد سے کسی ڈی سی سی بینک میں پرانے نوٹ جمع نہیں کروائے گئے ہیں۔